لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برازیل کوپ 30 اجلاس میں شرکت کے لئے جاتے ہوئے لندن میں مختصر قیام کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب کوپ30 میں بطور مبصر کی حیثیت سے نہیں بلکہ باقاعدہ طور پر شریک ہورہا ہے۔ ستھراپنجاب دنیا کا منظم ویسٹ مینجمنٹ پروگرام ہے۔ پنجاب
میں ای موبلٹی شروع ہوچکا ہے، الیکٹرک بسیں اور الیکٹرک بائیک لائے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کو بتدریج گرین انرجی پر شفٹ کیا جارہا ہے۔ ٹورازم، وائلڈ لائف اور ماحولیات میں بہتری کے لئے خاطرخواہ کام کیے ہیں۔ سموگ میں کمی اور خاتمے کے لئے اقدامات کو دنیا تسلیم کررہی ہے۔ برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30 اجلاس میں اپنے پراجیکٹ پیش کیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف صاحب نے میری ٹریننگ کی اور ان ہی کی نقش قدم پر چل رہی ہوں اور وہی میرے مینٹور ہیں۔پنجاب کے عوام کی طرف جو محبت اور پیار ملا کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مجھے وزارت اعلیٰ میں کوئی مشکل نہیں آئی۔ گورنمنٹ میں ٹیم کی طرح کام کررہے ہیں، اس سے عوام میں پذیرائی مل رہی ہے۔

