اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):دنیا بھر میں آج 21 ستمبر کو عالمی امن کا دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد جنگ، تشدد، اور تنازعات کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر امن کے قیام کی کوششوں کو اُجاگر کرنا ہے۔ پاکستان کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں بھرپور حصہ لیا ہے۔پاکستانی امن دستے دنیا کے مختلف خطوں میں قیامِ امن کے
لیے اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اب تک 235,000 سے زائد پاکستانی فوجی اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں 29 ممالک میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ یہ دستے مشکل اور تنازعات سے بھرے علاقوں میں امن قائم کرنے میں صفِ اول کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے اصولوں کے تحت پاکستان نے ہمیشہ امن مبصرین کو مکمل تعاون اور رسائی فراہم
کی ہے۔پاکستانی امن فوج نے اعلیٰ تربیت، لگن اور جذبے سے مشنز کو کامیابی سے مکمل کیا، جس کی دنیا بھر میں تعریف کی جاتی ہے۔ پاکستان کو اقوامِ متحدہ کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی پر فخر ہے، اور مستقبل میں بھی عالمی امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔




