لاہور ( نمائندہ خصوصی)”سیلاب متاثرین کی امداد؛ پوری قوم ایک ساتھ” کے عزم کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب نے سول ڈیفنس رضاکاروں کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل جاری کر دیا ہے۔ شہری اب اپنے ضلع میں بطور سول ڈیفنس رضاکار آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کیلئے شہری سول ڈیفنس کے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر سائن اپ کرنے کے
بعد مطلوبہ معلومات فراہم کریں تاکہ ان سے رابطہ کیا جاسکے۔ رجسٹریشن میں شہریوں کی آسانی کیلئے آن لائن پورٹل کے علاوہ واٹس ایپ نمبر 03349990978 بھی جاری کیا گیا ہے۔ شہری دیئے گئے نمبر پر اپنا نام اور ضلع جہاں خدمات انجام دینا چاہیں لکھ کر بھجوا سکتے ہیں۔ آن لائن پورٹل کے اجراء اور رضاکاروں کی رجسٹریشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کا کام جاری ہے۔ سول ڈیفنس پنجاب سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے 24/7 فیلڈ میں سرگرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تمام شہری بھی سیلاب متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے اس عظیم مشن کا حصہ بن سکتے ہیں۔ شہری بطور ڈاکٹر، طبی عملہ، ریلیف کیمپ رضاکار،
غوطہ خور، ویٹرنری ڈاکٹر، ملاح یا دیگر خدمات بھی سر انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں خود کو ایک باوقار اور متحد قوم ثابت کیا ہے۔ اس وقت بھی سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ اس لیے آج ہی اپنی صلاحیت اور قابلیت کے مطابق پنجاب سول ڈیفنس میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کریں۔ رجسٹریشن کروانے پر پنجاب سول ڈیفنس کی ضلعی انتظامیہ آپ سے خود رابطہ کرے گی۔
*
