کراچی ( نمائندہ خصوصی)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے ایک دن کی بارش میں کراچی کی تباہی اور 9 شہریوں کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی ہلاکتوں اور شہر کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی کرپٹ حکومت ہے جس نے عوام کے ٹیکسوں کی رقم شہروں کو بنانے پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی جائیدادیں بنانے
میں خرچ کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے جب پی پی کی بدعنوانیوں اور نسلی امتیاز کی نشاندہی اور اسکے خلاف پرامن احتجاج کیا تو اسے لسانی رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔ آفاق احمد نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کا واحد حل پی پی کے بدعنوان حکمرانوں نے نجات اور سندھ کے شہری علاقوں کے وسائل پر سندھ کے شہری عوام کا مکمل اختیار ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے سندھ کے شہری عوام علیحدہ صوبے کے حصول سمیت کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کراچی کو لاوارث اور مہاجروں کو تقسیم سمجھتے ہیں آنے والے وقتوں میں انہیں پی پی کے نسلی امتیاز کے خلاف مہاجروں کا اتحاد اور جدوجہد حیران کردے گی۔
