اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر بند سڑکوں کو کھولنے کا کام مکمل کر کے ٹریفک بحال کردی۔ تفصیلات کے مطابق
خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ پاک فوج کے انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں متاثرہ مقامات پر تعینات ہیں اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے دن رات سرگرم عمل ہیں۔
پاک فوج کی ٹیموں نے پیر بابا بائی پاس پر ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد سڑک کو تمام قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا، عوام کی سہولت کے لئے پیربابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا تاکہ آمدورفت بحال رکھی جا سکے۔ادھر پاک فوج کی
بھاری مشینری نے سات مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈز سے متاثرہ الوچ-پُورن 20 کلومیٹر طویل سڑک کو بحال کر دیا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے بعد پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ بھی بحال ہو گیا ہے جبکہ مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
