اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابط ڈاکٹر مصدق ملک سے 38ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے ملاقات کی۔بدھ کووزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے 38ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران سے ایک تفصیلی نشست کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے شرکاء کو پاکستان کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جاری تخفیفی اور موافقتی اقدامات
بالخصوص زراعت اور غذائی تحفظ کے حوالے سےآگاہ کیا۔ انہوں نے وزارت کے تحت جاری مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی جو موسمیاتی طور پر حساس شعبہ جات میں لچک کو بڑھانے اور بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے پائیدار غذائی نظام کو یقینی بنانے پر مرکوز ہیں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے پانی کی کمی اور کم پانی پیداواریت کے سنگین مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل براہِ راست قومی غذائی تحفظ سےجڑے ہیں۔ انہوں نے مؤثر اور اختراعی مقام ی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پانی کے استعمال میں بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔گفتگو کے دوران تحصیل اور ضلعی سطح پر ایسے عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا جن کے ذریعے موافقت میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ مقامی انتظامیہ اور کمیونٹیز اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں جس سے قومی سطح پر موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
