اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں دولت مشترکہ (کامن ویلتھ) کی سیکرٹری جنرل شیرلی ایورکور بوچوے کے ساتھ ناشتے پر ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم نے شیرلی ایورکور بوچوے کو دولت مشترکہ کی ساتویں سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کی قیادت کو خوش آئند قرار دیا۔ سموا میں ہونے والے سربراہانِ دولت مشترکہ اجلاس کے دوران ہونے والی گزشتہ بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان کے گہرے عزم کا اظہار کیا اور تنظیم کو اپنی مستحکم حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے دولت مشترکہ کے کردار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ممبر ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار کو فروغ دینے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ نائب وزیر اعظم نے سیکرٹری
جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے پائیدار ترقی اور رابطہ (کنکٹیویٹی) کے ایجنڈے کے حوالے سے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے اندر تجارت اور ترقی کو فروغ دینے میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے غیرمحفوظ ہونے کی طرف توجہ دلائی اور اس اہم چیلنج سے نمٹنے کے لئے دولت مشترکہ کی حمایت کی درخواست کی۔ وزیر خارجہ نے نوجوانوں اور صنفی مساوات کے میدان میں پاکستان کی قیادت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کامن ویلتھ یوتھ ٹاسک فورس کا شریک صدر ہے اور اس نے کامن ویلتھ یوتھ پروگرام کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کے سیکرٹریٹ کی میزبانی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کے لئے دولت مشترکہ کی حمایت کی تعریف کی اورحالیہ ای-سپورٹس کے معاہدے کو سراہا جس کے تحت پاکستان میں ای-سپورٹس کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام، کامن ویلتھ سیکرٹریٹ اور برٹش ای سپورٹس فیڈریشن کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پایا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کی 30-2025 کے لئے کامن ویلتھ سٹرٹیجک پلان تیار کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور ترقی، جمہوریت اور مضبوطی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔انہوں نے سیکرٹری جنرل کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت بھی دی۔

