لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اب سیاسی جماعت نہیں رہی بلکہ ایک فاشسٹ گروہ بن چکی ہے جو ریاستی اداروں اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے فتنہ و فساد کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ”حقیقی آزادی” کا نعرہ لگانے والے شخص کا امریکہ میں 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اشتہار چھپنا اس کے دوہرے معیار کو بے نقاب کرتا ہے۔ ”یہ شخص پہلے بھی امریکہ سے آزادی مانگ رہا تھا، اب اس کا بیٹا بھی وہی راگ الاپ رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایرانی صدر کی لاہور آمد ایک تاریخی موقع تھا، مگر مخصوص طبقہ ہر قومی و بین الاقوامی ایونٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی قوم علامہ اقبال سے گہری فکری وابستگی رکھتی ہے اور انہیں شاعر مشرق مانتی ہے۔انہوں نے مزید کہا
کہ ایران نے پاکستان سے 10 بلین ڈالر تک تجارت کے عزم کا اظہار کیا ہے اور نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب میں اینٹی سموگ گنز پہنچا دی گئی ہیں، جن میں سے 15 لاہور میں موجود ہیں۔اکتوبر سے سموگ سیزن کے لیے پنجاب حکومت مکمل تیار ہے۔لاکھوں پودے کیو آر کوڈ کے ذریعے لگائے جا رہے ہیں تاکہ شفاف مانیٹرنگ ہو سکے۔ سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے نیا فرنیچر، چار دیواری، اور واش رومز کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ڈی جی خان اور راجن پور میں فوج میں خواتین کو شامل کیا گیا ہے، جو صنفی شمولیت کی علامت ہے اور طلبہ کے لیے اسکالرشپس، لیپ ٹاپ، اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل کینسر اسپتال جیسے اقدامات حکومتِ پنجاب کی ترجیحات ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ 5 اگست کو پوری قوم یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منائے گی اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے اسی دن احتجاج کی کال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب کشمیر پر ظلم ہو رہا تھا، اُس وقت یہی شخص اقتدار میں تھا، اور آج بھی گوریلا جنگ جیسے بیانات دے کر ریاست کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو ریاست کے خلاف گوریلا جنگ کی بات کرے، ریاست کو اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے۔عظمیٰ بخاری نے ماضی میں تحریکِ انصاف کی احتجاجی کالز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر کو دی گئی ”فائنل کال” ناکام ہوئی۔عاشورہ کے بعد کی تحریک بھی دم توڑ گئی اور نو اپریل اور دیگر تاریخوں پر اعلانات واپس لینے پڑے۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پی ٹی آئی کو آر پار کا بہت شوق ہے، لیکن خود ہی آر پار ہو جاتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوے سے زائد منصوبے شروع کیے ہیں اور ترقی کا سفر جاری ہے، لیکن دوسری طرف فتنہ پرور عناصر صرف انتشار چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے، تبھی یہ لوگ فساد کی کال دے کر سازشیں کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل 5 اگست کو بھرپور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام دیں کہ پاکستان میں فتنہ پروری کی کوئی گنجائش نہیں۔


