کولمبو(اسپورٹس رپورٹر):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی پاک بھارت میچ دیکھنے اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر برائے پورٹس و ایوی ایشن جنیتھیا راون کوڈیتھوواکو نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا، جبکہ سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر
میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔کولمبو آمد کے بعد محسن نقوی اور سری لنکن وزیر کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی تعلقات، کھیلوں کے فروغ اور جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سری لنکن وزیر کا کہنا تھا کہ کولمبو آمد پر معزز مہمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ویلکم کرتے ہیں، آپ کی سری لنکا آمد ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ بہترین اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جا رہے ہیں اور سری لنکا ہمارا میزبان ہے، ہم اپنے میزبان کی عزت و احترام کو مقدم رکھتے ہیں۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی عامر میر بھی چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ ہیں۔ چیئرمین پی سی بی کا یہ دورہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلوں اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
