اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):سابق امریکی سفارت کار نے پاکستان سے حسد میں مبتلا بھارتی اینکر کولائیو شو میں کھری کھری سُنا دیں۔امریکا۔ ایران جنگ بندی میں پاکستان کے فیصلہ کن کردار سے بھارت اور گودی میڈیا میں صف ماتم بچھ گیا،گودی میڈیا مودی حکومت کو خفت سے بچانے کیلئے پاکستان کےخلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کا سہارا لینے پرمجبور ہو گیا۔ پاکستان
میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سکیورٹی پر احمقانہ سوال کرنے پر بھارتی اینکرکو سابق امریکی سفارتکار جیفری گنٹر نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر پاکستان میں مکمل محفوظ ہیں،بھارتی میڈیا سکول کے بچوں والا طرز عمل دکھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زندگیوں کا معاملہ ہے،یہ روزگار کا معاملہ ہے،یہ مہنگے پٹرول کا معاملہ ہے۔سابق امریکی سفارتکار نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیاکا اس نازک معاملے کو بھارت پاکستان تنازع میں تبدیل کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا
کہ میں بھارتی میڈیاکو اس کے شرمناک رویے پر بطور سزا 30 منٹ کیلئے کمرے میں بند کرنا چاہوں گا۔ جیفری گنٹر نے واضح کیا کہ بھارتی میڈیا کو بے کار بحث و مباحثہ میں الجھنے کے بجائے جنگ بندی کو سراہنا چاہیئے۔بین الاقوامی امور کے ماہرین نے بھی اس حوالہ سے کہا ہے کہ امن مذاکرات جیسے حساس معاملے کو متنازع بناکر گودی میڈیا خطے میں کشیدگی بڑھانے کی شرمناک روش پرقائم ہے،پاکستان مخالف پروپیگنڈاکی کوشش میں مودی حکومت خود سفارتی تنہائی کا شکار ہوچکی ہے اور گودی میڈیا کی چیخیں اس کا واضح ثبوت ہیں۔

