اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی تنازع میں فریق بننے کے بجائے ایک ذمہ دار سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہےجو مکالمے، سفارت کاری اور باہمی اعتماد کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔ الجزیرہ کے ساتھ ان کی ایک نہایت بامقصد اور مؤثر گفتگو ہوئی جس میں موجودہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اصولی اور ذمہ دارانہ کردار پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ جنگ اور تصادم مسائل کا حل نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتی کوششیں ہی پائیدار امن کی ضامن ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اس حساس کردار سے جڑی ذمہ داریوں اور دباؤ سے بخوبی آگاہ ہے تاہم یہ ایک تاریخی موقع بھی ہے کہ ملک خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے میں مثبت کردار ادا کرے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نےہر مرحلے پر فریقین کے درمیان رابطے برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی کے لیے تعمیری اقدامات کیے ہیں جبکہ شہری جانوں کا تحفظ اور امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی جذبات اپنی جگہ اہم ہیں لیکن ریاستی پالیسی ہمیشہ طویل المدتی قومی مفاد، علاقائی استحکام اور معاشی سلامتی کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن نہ صرف ایک اخلاقی تقاضا ہے بلکہ یہ خطے کی معاشی ترقی اورخوشحالی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی مکالمے کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور ہر اس سفارتی کوشش کی حمایت جاری رکھے گا جو خطے کو تصادم سے نکال کر تعاون، ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے۔
