راولپنڈی۔ (نمائندہ خصوصی) :آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستانی قیادت کا کردار قابل تحسین ہے، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی کاوشوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ کیتھولک مسیحی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ذمہ دارانہ اور مؤثر سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا
کہ پاکستان کی ثالثی اور مذاکرات کے فروغ کی کاوشیں عالمی امن کے لیے مثبت پیش رفت ہیں۔آرچ بشپ جوزف ارشد نے زور دیا کہ جنگ و تصادم انسانیت کے لیے تباہ کن ہیں، اس لیے عالمی رہنما دانشمندی اور مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے برداشت، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کا باعث بنیں گی۔ آرچ بشپ نے پوپ لیو چہاردہم کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 11 اپریل 2026 کو عید رحمت الٰہی کے موقع پر دنیا بھر میں امن کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور تمام مذاہب کے ماننے والوں سے اس میں شرکت کی اپیل کی۔
