اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد مذاکرات کے لئے آنے والے وفود کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد مذاکرات کے لئے غیر ملکی وفود کی آمد کے سلسلہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں اسلام آباد میں امریکہ ایران مذاکرات کے حوالے سے تیاریوں اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے غیر ملکی مہمانوں کے لیے ہر سطح پر بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد امریکہ ایران مذاکرات کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے آنے والے وفود کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ
ریڈ زون کو مکمل سیل کیا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ اس ضمن میں وزارت داخلہ کا مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری،وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر،آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
