اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرانفامیشن ٹیکنالوجی وٹیلی مواصلات سیدامین الحق نے کہاہے کہ 8اپریل پاکستان کی سفارتی تاریخ میں منفرددن ہے اوراسے ہمیشہ یادرکھا جائیگا۔بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی کوششوں سے امریکا اورایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پربحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اچھی بات یہ ہے کہ
تمام سیاسی جماعتوں نے امن مذاکرات پرحکومت کی حمایت کی ہے، اپنے ملک کیلئے پوراپاکستان ایک پیج پرہے یہ ایک مثبت سوچ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے سعودی عرب اورایران کے ساتھ اچھے انداز میں تعلقات نبھائے ہیں۔پاکستان نے ماضی میں امریکا اورچین کے درمیان تعلقات کے قیام میں اپنا کرداراداکیاتھا،پاکستان کی مسلح افواج نے گزشتہ مئی میں شاندارکاگردگی کامظاہرہ کرکے بھارت کوشکست دی جس سے ملک کی عزت وتوقیرمیں اضافہ ہوا،10مئی پاکستان کی تاریخ کاٹرننگ پوائنٹ تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری نظریں اب 10اپریل پرہے،ہمیں امید ہے کہ تمام معاملات بہتراندازمیں آگے بڑھیں گے اورمستقل جنگ بندی ہوگی،ہمیں امید ہے کہ سیاسی قیادت دانش مندی کامظاہرہ کرتے ہوئے مہنگائی کے خاتمہ اورمعیشت میں بہتری کیلئے کام کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے غیرمشروط حمایت کااعلان خوش آئند ہے۔
