اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):پاکستان ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) نے منگل کے روز خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے 10 مستحق طلبہ میں وظائف کے چیکس تقسیم کیے۔ یہ تقریب شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ پی ڈی ایف کے چیئرمین محمد بلال سیٹھی اور جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد نے مشترکہ طور پر منتخب طلبہ میں وظائف کے چیکس تقسیم کیے، جبکہ ڈائریکٹر
ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر صوبیہ کرامت خان چغرمٹی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔وظائف حاصل کرنے والے طلبہ کا تعلق یونیورسٹی آف پشاور، شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ملاکنڈ، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور یونیورسٹی آف ہری پور سے تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد بلال سیٹھی نے کہا کہ فاؤنڈیشن تعلیم اور سماجی فلاحی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کو خود کفیل اور معاشرے کا مفید رکن بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد نے پی ڈی ایف کے اقدام کو سراہتے ہوئے ادارے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ باصلاحیت طلبہ کی معاونت کر رہے ہیں۔ انہوں نے وظائف حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کو قابل تحسین قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں نے تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
