اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایما ژاؤ چن فان نے ملاقات کی جس میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے تعاون بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی توانائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کا پاور سیکٹر موجودہ حالات میں مستحکم رہا ہے، اس استحکام کی بنیاد مقامی وسائل کے بڑھتے ہوئے استعمال پر ہے جن میں مقامی کوئلہ، پن بجلی اور شمسی توانائی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی ایندھن سے بجلی کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے تاکہ بجلی کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔ایما ژاؤ چن فان نے حکومتِ پاکستان کے بروقت اقدامات کو سراہا اور کہا کہ
بالخصوص پاور سیکٹر میں ان اقدامات نے قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی کے شعبے کی ضروریات کا جامع جائزہ لے کر ڈیجیٹائزیشن، مربوط منصوبہ بندی، ڈیٹا گورننس، نجکاری اور ادارہ جاتی اصلاحات جیسے اقدامات میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اے ڈی بی جدید میٹرنگ نظام (اے ایم آئی )کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ روف ٹاپ سولر اور بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز کے اثرات سے متعلق مطالعات جاری ہیں۔ انہوں نے استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز کا بھی ذکر کیا جن میں کوریا میں پاور سیکٹر کے ماہرین کے لیے خصوصی تربیت شامل ہے تاکہ جدید مہارتوں کے ذریعے اصلاحات کو فروغ دیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ایسے پروگرامز کے لیے انتخاب کا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تربیت یافتہ افرادی قوت ادارہ جاتی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وفاقی وزیر نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس کی تنظیمِ نو کے لیے درکار تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان بزنس کونسل کو ٹرانسمیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متحرک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے بعد توجہ ٹرانسمیشن کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر مرکوز ہوگی۔ ایما ژاؤ چن فان نے بتایا کہ اے ڈی بی کے نائب صدر کے رواں ماہ پاکستان کے دورے کا امکان ہے۔ ملاقات میں فریقین نے پاکستان میں جدید، مؤثر اور پائیدار پاور سیکٹر کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
