لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مفت سفری سہولیات فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس تناظر میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے۔ تمام میٹرو بس سروسز، اوورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں سے مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے روزانہ تقریبا 3 لاکھ سے زائد مسافروں کو فری سفری سہولت دستیاب ہوگی جبکہ لاہور میٹرو بس سروس سے روزانہ تقریبا 1 لاکھ چالیس ہزار
سے زائد جبکہ سپیڈو بسز سے پونے 2 لاکھ سے زائد مسافروں کو فری سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ اسی طرح پی ایم اے کے تحت لاہور میں چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں سے روزانہ ساڑھے 17 ہزار مسافر فری سفر کر سکیں گے جبکہ راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریبا 35 ہزار جبکہ پا کستان میٹرو بس سروس سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوں گے۔ ملتان میٹرو بس سسٹم سے 51 ہزار سے زائد جبکہ فیڈر روٹس سے تقریبا 19 ہزار مسافر مفت سفر کر سکیں گے۔ مجموعی طور پر پی ایم اے کے تحت روزانہ کم و بیش 9 لاکھ مسافر فری سفر کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے فری سفری سہولت کیلیے جاری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مشکل کی اس گھڑی میں عوام کیساتھ کھڑی ہیں اور فری سفری سہولت سے غریب و متوسط طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔ 18 مختلف اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں سے بھی مزید لاکھوں مسافر روزانہ مفت سفر کریں گے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتے ہی نجی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کروائیں گے۔
