کراچی( نمائندہ خصوصی) بلوچستان نیشنل پارٹی ویمن ونگ کی صدر و رکن بلوچستان اسمبلی ۔اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملہ سے پیدا شدہ صورتحال میں ناگزیر تھا مگر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیدیا کیونکہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ وزیر
اعظم کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا اعلان خوش آیند ہے، سرکاری اخراجات میں کمی کرکے عوام کو مزید ریلیف دینے کی ضرورت ہے اور حقیقی ریلیف غریب تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات بھی کیے جائیں ۔ رکن بلوچستان اسمبلی محترمہ فرح عظیم شاہ نے مزید کہا کہ موجودہ درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کو دیرپا اقدامات کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کا فیصلہ عالمی تناظر میں وقت کے مطابق تھا ، تاہم وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا قیمتوں میں کمی کا اعلان قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی کروڑوں لوگ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور تھے اور موجودہ صورتحال نے ان کے حالات مزید مخدوش کر دیے ہیں، پیٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں خود بخود بڑھ جاتی ہیں، جن میں سبزی، آٹا، دالیں اور کرایوں میں اضافہ شامل ہے، جس کا براہِ راست اور شدید اثر غریب، دیہاڑی دار اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے،حقیقی ریلیف غریب تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں، مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو ایسی مستقل پالیسیاں بنانی چاہیے جس سے اشیاء سستی ہوں، روزگار کے مواقع بڑھیں اور عوام کو پائیدار ریلیف ملے۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہ روایت بن چکی ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں معمولی اضافے پر بھی ہر چیز مہنگی کر دی جاتی ہے، مگر جب پیٹرول سستا ہوتا ہے تو اشیاء کی قیمتیں نہیں برقرار رہتی ہیں، دکاندار اور تاجر قیمتیں کم نہیں کرتے، حالانکہ یہ تاجر برادری کی بھی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ریلیف کو عوام تک پہنچائیں۔ حکومت پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنائے، سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

