اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری اس امر کی متقاضی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے ،میڈیا پلیٹ فارمز مناسب احتیاط برتیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات پر انحصار کریں۔ ہفتہ کو خطے میں جاری تنازعہ سے متعلق پیش رفت کے بارے میں میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ میڈیا بالخصوص
سوشل میڈیا پر چلنے والی متعدد رپورٹس ہمارے علم میں آئی ہیں جن میں جاری تنازعہ اور امن و مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں مبینہ نام نہاد سرکاری ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہم ان بے بنیاد اور من گھڑت دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہیں جو مبینہ سرکاری ذرائع سے منسوب کیے جا رہے ہیں اس حوالے سے کسی بھی قسم کی نسبت درست نہیں ہے ۔ترجمان نے کہا کہ یہ امر تشویش کا باعث ہے کہ وزارتِ خارجہ میں جمعہ کو ہونے والی بریفنگ کو غلط انداز میں پیش کیا گیاہے اور ایسے معاملات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جن پر نہ تو بات ہوئی اور نہ ہی کوئی حوالہ دیا گیا۔اس
حساس علاقائی صورتحال میں سفارتکاری تقاضا کرتی ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے لہٰذا ہم تمام میڈیا پلیٹ فارمز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مناسب احتیاط برتیں، قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے صرف سرکاری طور پر جاری کردہ بیانات اور میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں۔
