ڈھاکہ ( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال دو روزہ سرکاری دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئے، جہاں ڈھاکہ ایئرپورٹ پر ان کا حکومتی سطح پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔وفاقی وزیر بنگلہ دیش
کے وزیر اعظم کی تقریبِ حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے خصوصی نمائندے کے طور پر اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ایئرپورٹ پر پاکستان کے ہائی کمشنر اور بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا، جبکہ سیکرٹری ایسٹ اینڈ ویسٹ، وزارتِ خارجہ بنگلہ دیش اور ڈپٹی ہائی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا یہ دورہ پاک۔بنگلہ دیش تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔