لاہور،( نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے تحریک فساد سے وابستہ ایک خاتون کے لاہور سے متعلق ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ایک پُرامن، زندہ دل اور ثقافتی شہر ہے، جس کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں چار سال جعلی حکومت کرنے والے اور زمان پارک کے باہر ناچ گانے کرنے والوں کو آج اپنی سیاست پر شرم آنی چاہیے۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ جو عناصر ماضی میں لبرٹی چوک اور مینارِ پاکستان کو سیاسی سرکس میں تبدیل کرتے رہے، وہ آج اسی لاہور پر تنقید کرکے عوام کی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب
ان کے اپنے قائد کی فیملی اہل و عیال کے ساتھ بسنت مناتی رہی تو کیا اس پر بھی کبھی شرمندگی کا اظہار کیا گیا۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ لاہور اور پنجاب کے عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے شہریوں نے انتشار کی کال میں شامل ہونے کے بجائے امن، خوشی اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ بسنت منانے کو ترجیح دی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ پنجاب کی ترقی سے حسد کرنے کے بجائے مخالفین اپنی 12 سالہ حکومت کی کارکردگی قوم کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک فساد کے تمام ٹرمپ کارڈ، جعلی تحریکیں اور ”انقلاب فرام ہوم“ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور پاکستان کے عوام بانی پی ٹی آئی کی ملک دشمن سازشوں کو پہچان چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک مزید کسی فتنے، انتشار یا فساد کا متحمل نہیں ہو سکتا۔