کولمبو۔(اسپورٹس ڈیسک):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری بروز اتوار کولمبو میں کھیلا جانا شیڈول ہےتاہم اس ہائی وولٹیج میچ پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں۔گروپ اے کا یہ اہم معرکہ ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی مختلف رپورٹس کے مطابق میچ کے روز کولمبو میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا تقریباً 50 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پیش گوئی کے مطابق شام 6 بجے کے قریب شہر میں 2.1 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جو میچ کے انعقاد کو متاثر کر سکتی ہے۔اگر بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہو سکا تو قوانین کے تحت پاکستان اور بھارت کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس بڑے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں اور وہ دعاگو ہیں کہ موسم سازگار رہے تاکہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکے۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت کر گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جس کے باعث اس میچ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
