لاہور ( نمائندہ خصوصی) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے گڈی اُڑا کر بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بسنت فیسٹیول کو محفوظ، منظم اور روایتی انداز میں منانے کیلئے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔سینئر صوبائی وزیر اندرون شہر میں واقع تاریخی اصف جاں کی حویلی پہنچیں جہاں انہوں نے فیملیز کے ساتھ
بسنت کی خوشیوں میں شرکت کی۔ مریم اورنگزیب نے شہریوں اور بچوں کے ساتھ پتنگ اُڑائی اور بسنت کے روایتی رنگ بحال کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بسنت کی روایت کے مطابق پیلا لباس زیب تن کیا جبکہ تقریب میں شریک خواتین بھی پیلے جوڑوں میں ملبوس نظر آئیں۔آصف جاں کی حویلی میں شہریوں، فیملیز اور بچوں کی بڑی تعداد نے بسنت
کی تقریبات میں شرکت کی۔ شہریوں نے بسنت کے احیاء پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ سینئر صوبائی وزیر نے فیملیز اور بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بسنت پنجاب کی ایک اہم ثقافتی روایت ہے جسے محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسنت کے دوران تمام حفاظتی ہدایات اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔سینئر صوبائی وزیر نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو بجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز سے دور رکھیں اور رات کے وقت چھتوں پر مناسب روشنی کا انتظام کرکے پتنگ بازی کریں۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کو تاکید کی کہ سیفٹی روڈ کے بغیر باہر نہ نکلیں اور حکومتی فری ٹرانسپورٹ سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب بسنت فیسٹیول کو محفوظ اور منظم انداز میں منانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہری روایتی ثقافتی تہوار کو بھرپور اور محفوظ ماحول میں مناسکیں۔

