راولپنڈی( نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے 24 خوارجیوں کو جہنم واصل کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 اور 5 فروری 2026 کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج واصلِ جہنم ہوئے۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے دوسرا
انٹیلی جنس آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا۔اس کارروائی میں بھی فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن "عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف یہ انتھک مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر
ملکی امداد یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
