اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر نے کہا ہے کہ عالمی جنگ اول (ڈبلیو ڈبلیو ون) کی یادگار آثار قدیمہ ایکٹ 1975 کے تحت محفوظ شدہ یادگار نہیں ہے، مذکورہ یادگار اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں واقع ہے جو انتظامی طور پر کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کنٹرول میں ہے۔جمعہ کو یہاں جاری ایک وضاحتی بیان میں محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر نے کہا کہ اس یادگار کو باضابطہ تحفظ کے دائرے میں لانے کے لیے مشاورتی سفارشات پیش کی تھیں تاہم مطلوبہ ریونیو ریکارڈ اور دیگر قانونی تقاضے فراہم نہ کیے جانے کے باعث اس یادگار کو محفوظ شدہ مقام قرار نہیں دیا جا
سکا۔اس کے باوجود یہ یادگار ثقافتی اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔یادگاری اور تاریخی ڈھانچوں سے متعلق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ بہترین طریقہ کار کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو مشورہ دیا ہے کہ مطلوبہ ریونیو ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ یادگار کو باضابطہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔محکمہ نے اس امر پر بھی زور دیا ہے کہ اس یادگار کے ساتھ کسی بھی قسم کا معاملہ انتہائی احتیاط، وقار اور تحفظ آثار کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے تاکہ اس کی تاریخی حیثیت محفوظ رہ سکے۔مزید برآں متعلقہ حکام سے گزارش ہے کہ عالمی جنگ اول کی یادگار کو اسی مقام اور رقبے پر اس کے شایان شان، وقار اور احترام کے مطابق بحال، محفوظ اور دوبارہ نصب کیا جائے۔
