اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے "لیٹ فریڈم رِنگ” کے عنوان سے جمعرات کو لنکن کارنر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریبِ رُونمائی کے دوران فریڈم 250 لبرٹی بیل انیشی ایٹو کا سرکاری طور پر افتتاح کیا گیا ۔ اس موقع پرناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے مشہورزمانہ لبرٹی بیل کےاصل حجم کے موافق علامتی گھڑیال کی رُونمائی کی جس کے ساتھ
teteہی امریکہ کے 250ویں یوم آزادی کا جشن منانے اور امریکہ کے قومی سفر اور عالمی اثر انگیزی میں امریکی سفارتکاری کے دیرپا کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریبات کے سلسلہ کا آغاز ہوگیا۔ریاست پنسلوانیہ کے شہر فلاڈیلفیا میں واقع لبرٹی بیل امریکی آزادی اور جمہوریت کی سب سے پائیدار علامتوں میں سے ایک ہے۔ 1752 ء میں ڈھالا گیا یہ گھڑیال امریکی انقلاب میں اپنے تاریخی کردار کی وجہ سے نمایاں حیثیت کا حامل ہے ۔امریکی تاریخ کے اہم سنگ میل عبور کرنے کے مختلف مواقع پر اس گھڑیال کو بجایا جاتا تھا جس میں 1787 ء میں امریکہ کے آئین پر دستخط ہونا بھی شامل ہے، آج لبرٹی بیل آزادی، انصاف
اور مساوات کے بنیادی امریکی نظریات کی یاد دلاتی ہے۔ تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل کی بطورقومی میراث اہمیت اورغلامی کے خاتمے سمیت تاریخ کے اہم لمحات کے ساتھ اُس کے تعلق کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ لبرٹی بیل امریکی آزادی کی ایک نمایاں علامت ہے، اس موقع پر یہاں لنکن کارنر میں ہماری موجودگی اس لئے بھی اہم ہے کہ یہ وہ مقام ہے جہاں پر ریاست ہائے متحدہ امریکہ سے متعلق معلومات اورآزادی اظہارِ رائے سمیت امریکی اقدار کے حوالے سےتعلیم کو فروغ دیا جاتا ہے۔

