اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جمعرات کی رات اور 23 جنوری کے دوران تیزبارش/شدید برف باری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی اور راولاکوٹ میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے، تیزبارش/شدید برف باری کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں میں
طغیانی کا خدشہ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے، اس دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا ،کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباداوربالائی /وسطی پنجاب میں اکثر مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، اس دوران بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش/برف باری بھی ہو سکتی ہے۔جنوبی پنجاب، سندھ اور شمالی/شمال مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پرتیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی
توقع ہے۔کل (جمعہ کو) بالائی خیبر پختونخوا ،کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اوربالائی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔اس دوران بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش/برف باری بھی ہو سکتی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور اور خشک رہنے کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بلوچستان ،پنجاب اور سندھ میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور اور مطلع ابر آلود رہا۔سب سے زیادہ بارش خیبر پختونحوا میں پاراچنار 88، بنوں 14، ڈی آئی خان (سٹی ایئرپورٹ13 )، پشاور (سٹی اور ایئرپورٹ09)، چترال ،دروش 08، میر خانی ، چراٹ 07، کالام 06، تخت بائی 03، پٹن 02،
دیر(اپر 02، لوئر 01)، پنجاب میں کرور (لیہ) 10، بھکر 09، ڈی جی خان 06، کوٹ ادو 04، سرگودھا سٹی 01، بلوچستان میں ژوب 10، سمنگلی 09، اورماڑہ 08، سبی 06، کوئٹہ اور لسبیلہ 03، پنجگور 01 جبکہ سندھ میں جیکب آباد اور سکھر 10، خیرپور04، روہڑی، دادو اور موہنجو دڑو 03، پڈعیدن 02، سکرنڈ اور شہید بینظیر آباد میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اس دوران پارا چنار ،کوئٹہ اور قلات میں 02 انچ برف باری بھی ہوئی۔جمعرات کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت : لہہ منفی11،گوپس، سکردو،بگروٹ ، پارا چنارمنفی05، کالام منفی 04 اور مالم جبہ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
