کولمبو۔(انٹرنیشنل ڈیسک):سری لنکا کی وزیر اعظم ہارینی امراسوریا نے چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سری لنکا،چین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ چینی میڈیا کے مطابق ہارینی امراسوریا نے کہا کہ چین نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ کسی معجزے سے کم نہیں۔ آج چین صرف مصنوعات تیار کرنے والا ملک نہیں رہا بلکہ جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ چین سے تین اہم نکات بشمول قیادت کی ذمہ داری اور خدمت کا جذبہ، نظم و ضبط اور ہر کام
کا محور عوامی فلاح کو اپنی پالیسی کا حصہ بنائوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اسول چین کی تاریخ میں بھی نمایاں اور عملی طور پر کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کا تصور اپنانا چاہیے اور ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ سری لنکا اُن اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے "بیلٹ اینڈ روڈ” انیشی ایٹو میں شمولیت اختیار کی۔بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو مشترکہ مستقبل، مشترکہ ترقی اور جدیدیت کی علامت ہے اور سری لنکا اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ چین کی جانب سے سری لنکا میں بندرگاہی شہر اور بندرگاہوں میں کی گئی سرمایہ کاری اس تعاون کی واضح مثال ہے۔
