نئی دہلی (نیوز ڈیسک):بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر ملک کی خارجہ پالیسی پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری جےرام رمیش نے
ایک بیان میں امید ظاہرکی کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ایک پائیدار امن عمل کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کے سفارتی رویے پر سوال اٹھایا اور اسے متضاد اور تزویراتی گہرائی سے خالی قرار دیا۔کانگریس کے رہنما نے کہا کہ نئی دہلی واشنگٹن کے ساتھ اپنے تعلقات کاموثر طریقے سے
فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ۔ انہوں نے امریکا کے ساتھ یکطرفہ بات چیت پر تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے برکس کا حصہ ہونے کے باوجود امن کو فروغ دینے کے لیے کوئی پہل نہیں کی اور سفارتی موقع ضائع کر دیا۔مغربی ایشیا میں استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ خطے میں امن ضروری ہے اور کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کی ضرورت ہے۔

