ٹیرر سیکس نیٹ ورک ایک منظم اور خطرناک حکمتِ عملی ہے، دہشتگرد گروہ اس کے زریعے خواتین کو بھرتی کرتے ہیں۔ یہ گروہ سب سے پہلے ایک بیانیہ تراشتے ہیں ۔ شہادت، جہاد، عزت ، وطن اور قومیت کے تحفظ کا۔ لڑکی کو بتاتے ہیں کہ تم بہت خاص ہو ۔ تم کو اپنی قوم کیلئے کچھ کرنا چاہیے ۔پھر آہستہ آہستہ خاتون کو اپنے خاندان، رشتوں، اور مالی سہولت سے کاٹ کر اس نظریے سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ عزت اور روحانی عظمت کا خواب دکھا کر لڑکیوں کو برین واش کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ وہ نفسیاتی طور پر مکمل کنٹرول میں آ جاتی ہیں۔
پھر ابتدائی مرحلے میں بھرتی کار لڑکی کو محفوظ شادی یا نکاحِ جہاد کے نام پر قائل کرتا ہے۔ کہ جنگجو اپنے بیوی بچوں سے دور قوم کی خاطر جنگ کررہے ہیں اس لئے ان کی ضروریات پوری کرنا بھی ایک قومی فرض ہے ۔یہ بھرتی آن لائن چیٹس، یا قریبی رشتہ داروں کے ذریعے کی جاتی ہے۔ لڑکی کو پھر ایک سیف ہاؤس میں رکھا جاتا ہے جہاں ہر روز ایک نیا مجاہد شوہر اس سے جنسی تعلق قائم کرتا ہے۔ تنظیم اس کو تحریکی خاندان کہہ کر نارملائز کرتی ہے تاکہ وہ کسی گناہ یا مجرمانہ احساس میں مبتلا نہ ہو۔ کراچی یونیورسٹی حملہ آور شاری بلوچ اسی ماڈل کی ایک مثال ہے، جس نے بظاہر سسر اور شوہر کی رضامندی سے یہ راستہ چُنا۔
جب عورت بار بار پارٹنر تبدیلی، تنہائی، اور مذہبی تربیت کے عمل سے گزرتی ہے تو اس میں ٹروما بونڈنگ پیدا ہو جاتی ہے۔ اسے اس حالت میں لایا جاتا ہے جہاں وہ جنسی استحصال کو وفاداری کے امتحان کے طور پر قبول کرتی ہے۔ بوکو حرام اور القاعدہ نے بھی یہی طریقہ استعمال کیا، اور اب بی ایل اے کی مجید بریگیڈ اپنے خواتین ونگ میں اسی ماڈل کی کاپی کر رہی ہے۔جب خاتون مکمل طور پر سماجی، معاشی اور جذباتی طور پر تنظیم پر انحصار کرنے لگتی ہے، تب اس کو شہادت کی راہ دکھائی جاتی ہے۔ جونیئر سیل لیڈر روزانہ عزمِ شہادت کے دروس دیتے ہیں، اور اس خاتون کی فئرویل ویڈیوز ریکارڈ کی جاتی ہیں۔ وہ ذہنی طور پر خود کو قربانی کے لیے تیار سمجھنے لگتی ہے۔ 2023 میں تربت میں حملہ کرنے والی سمعیّہ قلندرانی اور 2025 میں ماہکان بلوچ اسی تسلسل کی زندہ مثالیں تھیں۔
خاتون جب خودکش حملہ کرتی ہے تو اس کے جسم کے اجزاء میدانِ جنگ میں پڑے رہنے دیے جاتے ہیں۔ تنظیم صرف ایک پوسٹر جاری کرتی ہے جس میں بہادر بیٹی کا بیانیہ دکھایا جاتا ہے۔ نہ کوئی تدفین، نہ معاوضہ، نہ ہی لواحقین کی ذمہ داری۔ یوں عورت اس ماڈل میں نہ صرف ہتھیار بنتی ہے بلکہ گروہ کے لیے ایک اشتہار بھی۔اس ماڈل کے کئی فائدے گروہ کے لیے ثابت ہو چکے ہیں۔خواتین چونکہ روایتی چیک پوسٹوں پر کم مشکوک سمجھی جاتی ہیں، اس لیے وہ سکیورٹی مراحل آسانی سے پار کر لیتی ہیں۔ خواتین کے حملے عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج حاصل کرتے ہیں، جس سے گروہ کی فنڈنگ اور بیانیہ سازی کو فروغ ملتا ہے۔ جنسی تعلقات کی بنیاد پر گروپ کے افراد میں خاندانی سا رشتہ بن جاتا ہے، جو گروہ کے لیے کنٹرول اور وفاداری کا ایک ذریعہ بنتا ہے۔

