کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے19 ویں سحری سندھی ہوٹل نیو کراچی میں عوام کے درمیان کی ۔ گورنرسندھ کے سندھی ہوٹل پہنچنے پر وہاں موجود افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہر کام کرنے کو تیار ہوںاس ضمن میں روزانہ عوام سے ملاقات کے لئے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جاتا رہوں گا،مجھے معلوم ہے کہ نیوکراچی میں نیا کچھ نہیں، سب پرانا ہی ہے، اس آبادی کے مسائل بے شمار ہیں، انہیں حل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام حکمرانوں کو اپنے درمیان دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی معلوم ہے کہ سب مسائل فورا حل نہیں ہوسکتے، تاہم حکمران جب ان سے رابطہ رکھتے ہیں تو وہ مطمئن ہوجاتے ہیں لیکن میں نے عہد کیا ہے کہ متعلقہ اداروں تک عوام کے مسائل پہنچاتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد 50 ہزار نوجوان گورنر ہاس میں آئی ٹی کی جدید ترین ٹریننگ حاصل کریں گے اس ٹریننگ کے بعد وہ تین سے پانچ لاکھ ماہانہ کمانے کے قابل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی افطار کے بینرز پھاڑنا افسوسناک عمل ہے ایسا کرنے والے عوام کو خوش نہیں دیکھنا جاہتے۔


