کرا چی( بیورورپورٹ ) شہر قائدسمیت سندھ بھر میں بارشوں کے ایک اور سسٹم کی پیش گوئی۔تفصیلات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والا مون سون کا نیا سلسلہ 23 اگست سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا سبب بنے گا، 24 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اسپیلز ہوسکتے ہیں
جس سے کراچی سمیت دیہی سندھ کے نشیبی مقامات زیر آب آسکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال سے اٹھنے والے مون سون کے نئے سسٹم کے حوالے سے پیش گوئی کردی جو راجستھان بھارت سے سندھ میں داخل ہوگا۔چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کامیڈیاسے بات چیت میں کہنا تھا کہ خلیج بنگال میں ایک لو پریشر ایریا بن رہا ہے جو 23 اگست کو سندھ میں داخل ہوگا اور صبح کے وقت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سبب بنے گا، یہی سسٹم 23 اگست کی رات سے کراچی پر بارشوں کی شکل میں اثر انداز ہونا شروع ہوگا
تاہم 24 اگست کو کراچی میں اس سسٹم کے تحت گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی سابقہ (پانچویں) سسٹم کے حوالے سے جاری پیش گوئی کے مطابق مذکورہ سلسلہ کم دباو کی شکل میں شمالی سندھ اور ملحقہ علاقوں پر موجود ہے جس کے اثرات کراچی پر صرف ہلکی بارش اور بوندا باندی تک محدود رہیں گے
البتہ دیہی سندھ کے اضلاع شہید بے نظیرآباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ اور سانگھڑ میں ہفتہ کی رات تک وسیع پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور چند مقامات پر شدید بارش کے ساتھ کبھی کبھار تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔







