کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی) بلوچستان عوامی پارٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ رکنِ صوبائی اسمبلی اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معرکۂ حق بنیانٌ
مرصوص کے دوران بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، بھارتی میڈیا نے لاہور کی بندرگاہ پر قبضے سمیت مختلف جھوٹے دعوے اور خبریں نشر کیں، لیکن دشمن کی سازشیں اور اس کے دیکھے ہوئے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ بلوچستان کو منفی انداز میں کیوں پیش کرتا ہے، حالانکہ بلوچستان میں بہت سے مثبت کام بھی ہو رہے ہیں۔بلوچستان میں دہشتگردی کا مسئلہ ضرور موجود ہے، یہ مٹھی بھر عناصر ہیں جو بیرونی معاونت اور فنڈنگ کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔حکومتِ بلوچستان اور سیکیورٹی نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر انداز میں اقدامات کر رہے ہیں۔ عوام اور ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔

