اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے’’ ڈسکوز‘‘ کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو پر جائزہ اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تو انائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی
ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز )کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے،نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی افرادی قوت اور ماہرین نجکاری کمیشن کی استعداد کار اور اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے نجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز اورنجکاری کے مراحل کی سہولت کے لیے درکار تمام قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،نجکاری میں شامل اداروں میں مستقبل میں صارفین کی شکایت کے ازالے کا جامع اور موثر انتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ترسیلی کمپنیوں آئیسکو، فیسکو اور گیپکومیں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کر لیے گئے ہیں،ترکیہ، سعودی عرب اور چین میں روڈ شوز اور سرمایہ کاروں سے نجکاری کے تناظر میں روابط کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے ترسیلی کمپنیز کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے اب تک کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ مزید برآں نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو کے تناظر میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

