لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیااور سوگوارخاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیراپنانے اور والدین سے بچوں کو سیلابی ریلوں اور نہروں میں نہانے سے روکنے کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمزور چھتوں، دیواروں اور خستہ ہال عمارتوں کے
مکینوں سے از خود انخلاء کی بھی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں کو خستہ ہال عمارتوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور دریاؤں، نہروں اور سیلابی نالوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلیوں، بازاروں، سڑکوں اور بالخصوص انڈرپاسز سے بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کا حکم دیا اور صوبے بھر میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام شہروں میں انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے بارشوں کے دوران پوری مستعدی کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بارش کے دوران فرائض سرانجام دینے والے ہر افسر اور اہلکار کو سلام پیش کرتی ہوں۔
