کوئٹہ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے جی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا دشمن کون ہے، یہ بات سب جانتے ہیں اور پوری دنیا بھی اس حقیقت سے آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو پاکستان کی جانب سے متعدد پلیٹ فارمز پر بھی اجاگر کیا جا چکا ہے، تاہم اب صرف اس پر بات کرنے یا تنقید کرنے کے بجائے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ہم ٹی وی چینلز پر آ کر دشمنوں کے بارے میں بہت تنقید اور گفتگو کر چکے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اس کا مؤثر راستہ (Way Forward) تلاش کیا جائے۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ دہشتگرد اور ریاست مخالف عناصر چند ہزار ہیں، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بلوچستان کے تمام لوگ دہشتگرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے حکومت کو دہشتگردوں اور عام شہریوں کے درمیان فرق کرنا چاہیے۔ہم ہمیشہ یہ کہتے آئے ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ معاشی مسئلہ ہے، اور دشمن ہمیشہ ہماری کمزوریوں پر وار کرتا ہے۔ اس لیے ہمیں اپنی کمزوریوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کو ان سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔

