کراچی ( نمائند ہ خصوصی)- تعلیم کی شمع کو ہر گھر تک پہنچانے کے عزم کے ساتھ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں اپنی پہلی سالانہ ریویو کانفرنس کا انعقاد کیا۔اس اہم کانفرنس میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گہنور علی لغاری، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شاہ پارہ رضوی، ڈائریکٹر پروگرامز
نثار بامبن، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈوکیسی اینڈ کمیونیکیشن مونا زبیدی سمیت تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ریجنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈز نے شرکت کی۔کانفرنس کا ماحول علم، غور و فکر اور مشترکہ عزم سے معطر تھا جہاں گزشتہ سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے تعلیم کے میدان میں مزید بہتری کے اہداف طے کیے گئے۔اس موقع پر
مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے "تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے کردار” پر انتہائی فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کا واضح وژن، سیکھنے کی لگن اور اجتماعی کوش ہی وہ بنیاد ہے جس پر تعلیمی انقلاب کی مضبوط عمارت کھڑی ہوتی ہے۔کانفرنس کے پہلے روز کے اختتام پر سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے مشن کا اعادہ
کرتے ہوئے کہا کہ وہ غور و فکر، باہمی تعاون اور اعلیٰ معیار کی ثقافت کو اپنا شعار بناتے ہوئے سندھ کے دور دراز علاقوں سمیت ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر
سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن گہنور علی لغاری نے کہا کہ SEF کا ہر قدم سندھ کے بچوں کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ جب نیت خدمت کی ہو تو نتائج خود بولتے ہیں۔ ڈائریکٹر پروگرامز نثار بامبن،
ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈوکیسی اینڈ کمیونیکیشن مونا زبیدی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کراچی ڈاکٹر حمیرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ہمارے لیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا ایک نیا زینہ ہے اور ہم سب مل کر اس عہد پر قائم ہیں کہ سندھ کا کوئی بھی بچہ تعلیم کی روشنی سے محروم نہ رہے















