کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی )رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان نیشنل پارٹی ویمن ونگ کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چئیرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں کھیلوں کے مختلف شعبوں خصوصاً ہاکی،
کرکٹ اور فٹبال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، خاص طور پر بلوچستان اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بے شمار باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو مناسب مواقع نہ ملنے کی وجہ سے سامنے نہیں آ پا رہے۔فٹبال جیسے بین الاقوامی کھیل میں پاکستان کی نمائندگی عالمی سطح پر نہ
ہونے کے برابر ہے، جبکہ بلوچستان اور کراچی کے علاقوں میں فٹبال کے کئی باصلاحیت کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت ایسوسییشنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو اگر حکومتی سطح پر مناسب سرپرستی اور ترجیح دی جائے تو یہ ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نہ صرف نوجوانوں میں مثبت سرگرمیاں فروغ پاتی ہیں بلکہ معاشرے میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور یکجہتی جیسے اہم اصول بھی پیدا ہوتے ہیں۔

