اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری کی شکل دینے کا خواہاں ہے،سعودی تجارتی وفد کے پاکستان کے دورے سے دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں بات چیت اور مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کرنے میں مدد ملے گی۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی سعودی تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین،وفاقی وزیر مواصلات علیم خان،وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری،وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک،وفاقی
وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ہارون اختر خان اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کی شکل دینے کا خواہاں ہے۔اس حوالے سے انہوں نے اکتوبر 2025ء میں شہزادہ منصور اور سعودی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان کا ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ موجودہ دورہ دونوں فریقین کو مختلف شعبوں میں بات چیت اور مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہزادہ منصور نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور سعودی حکومت کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کی پاکستان کے ساتھ متعدد شعبوں میں بی ٹو بی روابط کو بڑھانے کی شدید خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آئوٹ سورسنگ، توانائی، بجلی کی تقسیم، آئی ٹی سیکٹر وغیرہ سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری میں سعودی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ایسے متنوع شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور یہ بھی تجویز کیا کہ زراعت اور غذائی تحفظ ایک اور ترجیحی شعبہ ہو سکتا ہے جس میں دونوں ممالک باہمی طور پر فائدہ مند مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ سعودی وفد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کے مطابق پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اہم سرکاری اور نجی شعبے کے شراکت داروں سے ملاقاتیں کرے گا۔

