لاہور۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان اور ترکیہ نے حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں مذاکرات، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دینے کے لیے ٹیلی فون کیا ۔وزیراعظم نے ترک قیادت اور برادر ترک عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی جس کا صدر ایردوان نے نہایت خلوص کے ساتھ جواب دیا۔ اپنی حالیہ ملاقاتوں بالخصوص گزشتہ اپریل میں انطالیہ میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اس امر کا
اعادہ کیا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں رہنمائوں نے خطے میں جاری امن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی قیادت میں جاری امن اقدام کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں نے خطے میں مذاکرات، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔صدر ایردوان نے 24 مئی کو بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے افسوسناک بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے یکجہتی اور ہمدردی کے اظہار پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

