اسلام آباد۔:(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے قازق سرمایہ کاروں کو گوادر اور کراچی پورٹس میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں وسطی ایشیائی ممالک کیلئے علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہیں۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کو قازق کمپنی فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور ترلوف کی قیادت میں قازقستان کے 11 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستانی بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ آپریشنز، آف ڈاک اور ملٹی پرپز ٹرمینلز، ڈرائی ڈاک اور فلوٹنگ ڈاک سہولیات میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔محمد جنید انوار
چوہدری نے کراچی اور گوادر کی علاقائی تجارت میں اسٹریٹجک اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا میری ٹائم انفراسٹرکچر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر فری زونز میں مشترکہ منصوبے قازقستان کو علاقائی اور عالمی تجارتی منڈیوں تک بہتر رسائی دینے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔وفد نے پاکستان کے میری ٹائم شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقتصادی اور بحری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کو پاکستان کی بلیو اکانومی سے متعلق منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں قازقستان اور دیگر وسطی ایشیائی خشکی سے گھرے ممالک کیلئے خلیجی، افریقی اور جنوب مشرقی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کا اہم گیٹ وے بن سکتی ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک خصوصاً قازقستان کے درمیان سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ علاقائی تجارتی انضمام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ اس موقع پر تیمور ترلوف نے پاکستان کے ترقی کرتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کی اقتصادی ترجیحات سے ہم آہنگ طویل المدتی اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔
