اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نیشنل سکیورٹی اینڈ سٹریٹجک لیڈرشپ ورکشاپ 2026 کے دوران پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرزاورسینئر اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔ورکشاپ میں پاکستان کی 200 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز ،ڈین، رجسٹرارز اور سینئر اساتذہ نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں منعقدہ نیشنل
سکیورٹی ورکشاپ میں لاہور، کراچی، پشاور،مظفرآباد،ملتان اورکوئٹہ سے شرکاء آن لائن بھی شریک ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے ورکشاپ میں شرکاء سے ملک کی داخلی صورتحال بالخصوص سکیورٹی کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی۔خصوصی نشست میں شامل شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملک کے دفاع،استحکام اورسلامتی کے لئے قابلِ فخرکردارادا کیا ہے۔معرکہ حق میں پاکستان کو پاک افواج کی وجہ سے عظیم فتح نصیب ہوئی۔شرکاء نے کہا کہ ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،پاک فوج پرنہ صرف آزادکشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی فخرہے،ہمیں طلباء کومنفی پروپیگنڈا سے بچانے اوردرست معلومات پہنچانے کے حوالے سے واضح رہنمائی ملی ہے، اکیڈیمیا کو قومی سلامتی، انفارمیشن وارفیئر اور ملک کودرپیش چیلنجز کےحوالے سے واضح آگہی دی گئی، افواجِ پاکستان اوراکیڈیمیا کے درمیان قائم کیا گیا یہ رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ورکشاپ کے شرکاء نے وائس چانسلرزاوراکیڈیمیا کوایک پلیٹ فارم پراکٹھا کرنے کے آئی ایس پی آرکے اقدام کو بے حد سراہاہے۔

