مردان (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنے نظریے، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کےلیے ہر قربانی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، پوری قوم اپنے ان جانباز سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز پاکستان کے دفاع، سلامتی اور وقار کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مردان میں سابق رکن صوبائی اسمبلی جمشید خان مہمند کی رہائش گاہ پر جشنِ معرکۂ حق کے سلسلے میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہم یہاں “جشنِ معرکۂ حق” کے موقع پر اپنے عظیم شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔یہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ قومی غیرت، اتحاد، قربانی اور عزمِ نو کی علامت ہے۔ آج پوری قوم اپنے ان جانباز سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز
پاکستان کے دفاع، سلامتی اور وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق ہماری قومی تاریخ کا ایک ایسا روشن باب ہے جس نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنے نظریے، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہمارے شہداء نے اپنے لہو سے اس دھرتی کی حفاظت کی جبکہ ہمارے غازیوں نے بہادری، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق صرف جنگی کامیابی نہیں بلکہ سچائی کی فتح بھی ہے۔ پاکستان نے جھوٹ اور منظم پروپیگنڈے کے مقابلے میں سچ کا ساتھ دیا اور یہی اس کامیابی کی بنیادی وجہ بنی۔ آج اگر پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ تسخیر ریاست کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے تو اس کے پیچھے ہمارے شہداء کی عظیم قربانیاں اور افواجِ پاکستان کی بے مثال خدمات شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگی صورتحال میں پوری قوم نے جس اتحاد، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، اس نازک مرحلے پر وزیرِاعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت نے قومی وحدت کو مضبوط کیا، دنیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور ہر محاذ پر قوم کی رہنمائی کی۔ اسی طرح فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ، بصیرت افروز اور غیرمعمولی عسکری قیادت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، اس نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو جذبہ ایل او سی پر دیکھا تھا وہ واقعی قابل دید تھا۔ پوری قوم افواج پاکستان کے پیچھے اور ساتھ کھڑی ہے۔اگر آپ نے دوبارہ کوشش کی تو اس دفعہ جواب پہلے سے شدید ترین ہوگا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے تاہم حقیقت میں معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا جو پاکستان کی خودمختاری پر کھلا حملہ تھا۔پاکستان نے اس جارحیت کے جواب میں "آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت دشمن کے فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار لیکن مضبوط دفاعی قوت ہے۔ جرآت اور بہادری کی جو مثالیں بنیان مرصوص میں قائم کی گئیں وہ قیامت تک یاد رکھی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جو شکست دی اس کی گواہی بین الاقوامی سطح کے لیڈر اور میڈیا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اپنے سیاسی اور عسکری قائدین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اتحاد، حکمت اور عزم کے ساتھ پاکستان کے وقار کا دفاع کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کا قلم چھوڑ ہڑتال اور کام نہ کرنا بہت افسوس کی بات ہے، ایک مخصوص ٹولہ لوگوں کا وقت ضائع کررہا ہے، قلم چور تو دیکھا تھا لیکن قلم چھوڑ پہلی دفعہ دیکھ رہا ہوں، مجھے ان لوگوں پر رحم آرہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج دنیا میں سبز ہلالی پرچم کی عزت اور سبز پاسپورٹ کا وقار پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہوا ہے۔ عالمی برادری پاکستان کو ایک مضبوط، خوددار اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔ یہ عزت ہمیں ہمارے شہداء، غازیوں اور قومی قیادت کی قربانیوں اور بصیرت کی بدولت حاصل ہوئی ہے۔ آج کا “جشنِ معرکۂ حق” دراصل اپنے غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومیں صرف وسائل سے نہیں بلکہ قربانی، اتحاد اور قومی حمیت سے مضبوط بنتی ہیں۔ ہمارے غازی ہمارے فخر ہیں، ہمارے شہداء ہماری عزت ہیں، اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں شہداء کے عظیم اہلِ خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ ریاست اور حکومت آپ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ آپ کے پیاروں کا لہو اس وطن کی بنیادوں میں شامل ہے، اور پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کےلیے متحد ہو کر کام کریں گے۔ دشمن چاہے جتنا بھی پروپیگنڈا کرے، پاکستانی قوم اپنی افواج اور قیادت کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی رہے گی، اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، غازیوں کو سلامت رکھے، اور پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنائے۔اس موقع پر سابق ایم پی اے جمشید خان مہمند، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) مردان ایڈووکیٹ عنایت باچا، ایم پی اے سریش کمار اور پارٹی قیادت، اراکین پارلیمنٹ اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پرجوش کارکنوں نے قومی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، پاکستان مسلح افواج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔ دیگر مقررین نے بھی غازیوں اور شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور معرکہ حق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ قبل ازیں پرجوش کارکنوں نے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفاقی وزیر نے پنڈال تک ایک بہت بڑی ریلی کی قیادت کی۔

