لاہور ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امن کیلئے کثیرالجہتی اور سفارت کاری کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارتی کاری پروزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیاہے-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے
عالمی امن کے لئے پاکستانی سفارت کاروں کی محنت اور کردار کو سراہا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بدولت ممکنہ عالمی جنگ رکواکر کروڑوں انسانی زندگیوں کو بچایا گیا ہے۔ پاکستان نے حالیہ حالات میں سفارت کاری کے ذریعے ایک نئی امید کو جنم دیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ معاملات اور تنازعات کا حل سفارت کاری ہے، پاکستان کا یہ موقف پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔سفارت کاری سے ہی پوری دنیا میں امن،تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔مسئلہ کشمیر کا حل بھی مثبت سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سفارت کاری کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، غربت اور تنازعات کے حل کے لیے اجتماعی کوشش عملی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ حالیہ عالمی بحران میں کامیاب سفارت کاری نے پاکستان کو ایک ذمہ دار عالمی ریاست کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ سفارت کاری تنازعات کو حل کرنے اور اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا نام ہے۔ سفارت کاری،مکالمے، افہام و تفہیم سے پیچیدہ مسائل کا حل بھی ممکن ہوسکتا ہے۔
