اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں بلاجواز یکطرفہ اقدامات کے جواب میں پاکستان نے فضائی حدود کی بندش سے بھارت کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی پروازوں کو اضافی وقت درکار ہے اور یومیہ اخراجات میں لاکھوں ڈالر اضافہ ہورہا ہے۔بھارت سے امریکا اور یورپ جانے والی پروازوں کو
طویل اور مہنگے روٹ استعمال کرنے پڑتے ہیں،پاکستانی حدود کی بندش کے باعث طویل روٹ کی بھارتی پروازوں کو راستے میں کسی دوسرے ملک سے ری فیولنگ بھی کرنا پڑتی ہے،پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کوسالانہ800ملین ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف اپنے غیر منطقی اقدامات کا خمیازہ ناقابل تلافی معاشی نقصانات کی صورت میں بھگت رہا ہے۔پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع سے بھارتی ایئر لائنز کو کئی ممالک کے روٹ ختم کرنا پڑیں گے۔

