اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی) :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت سے متعلق ابھی تک ایران کی جانب سے باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا، پاکستان بطور ثالث ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، جنگ بندی کے اختتام سے قبل ایران کا مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ نہایت اہم ہے۔ سماجی
رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے منگل کو پاکستان کے معیاری وقت ساڑھے 7 بجے تک کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت کے لئے وفد کی تصدیق سے متعلق ایران کی جانب سے باضابطہ جواب کا انتظار ہے۔ پاکستان بطور ثالث ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سفارت کاری اور مکالمے کی راہ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی 22 اپریل کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 50 منٹ پر ختم ہو رہی ہے اور دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اختتام سے قبل مذاکرات میں شرکت سے متعلق ایران کا فیصلہ نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کرنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کی ہیں اور یہ کوششیں جاری ہیں۔\

