سنگاپور۔( نمائندہ خصوصی):ایم یواین انٹرنیشنل (پاکستان کی پہلی نوجوانوں کی زیرِ قیادت تنظیم جو نوجوانوں کو اقوام متحدہ سے متعلق آگاہی فراہم کرتی ہے) سے تعلق رکھنے والے کے پاکستانی طلبہ کے ایک وفد نے سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق سے پاکستانی ہائی کمیشن میں ملاقات کی۔ اس وفدنے سنگاپور میں 15 سے 19 اپریل 2026ءکو منعقد ہ
’’چینج دی ورلڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (سی ڈبلیو ایم یو این) کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔پاکستانی ہائی کمیشن آمد پر ہائی کمشنر اور سفارتی مشن کے دیگر افسران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ہائی کمیشن کے کردار اور فرائض نیز بیرونِ ملک تعینات سفارت کاروں کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سفارتی مصروفیات اور نمائندگی کے حوالے سے اپنے تجربات کابھی تبادلہ کیا۔اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں ہائی کمشنر نے طلبہ کیطرف سے پوچھے گئے کے مختلف سوالات کے تفصیلی جواب دیئے ۔ طلبہ نے کانفرنس میں شرکت اور عالمی فورم پر پاکستان
کی نمائندگی کے اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔ہائی کمشنر نے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار رہنے کی ترغیب دیتے ہوئے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی( ایس ٹی ای ایم) کے شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور عالمی ترقی میں سائنس اور جدت طرازی کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔تبادلہ خیال کے دوران طلبہ کو سفارت کاری کو عملی طور پر سمجھنے کا قیمتی موقع ملا جبکہ ان کے قومی فخر کے جذبے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے عزم کو بھی تقویت ملی۔