سرینگر ( نمائندہ خصوصی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا اورایران کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی روکنے میں مدد ملی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کولگام میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ موجودہ حالات
میں ہمارے لئے پاکستان کا نام لینا بھی مشکل سمجھا جاتا ہے، تاہم اس نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی دبائو کے باعث امریکا کو ایران کے ساتھ بات چیت پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ اس بحران کے عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے تھے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ دنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی تھی لیکن وقتی طور پر اسے ٹال دیا گیا ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اقدام سے یہ جنگ بندی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور د یتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فرقہ وارانہ تقسیم کم ہو کر مشترکہ شناخت میں تبدیل ہو رہی ہے۔
