اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں ہنگامی انسانی امدادی کارروائی کے دوران مختلف ممالک کے 18 افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فوری ردعمل اور انسان دوستی کے جذبے کو سراہا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مرچنٹ ویسل ’’گولڈ آٹم‘‘ سے
موصول ہونے والی ہنگامی اطلاع پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے فوری اور مؤثر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن میں مختلف ممالک بشمول چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا،تمام افراد کو کراچی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ اپنے دائرۂ کار میں ہر قسم کی بحری ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ اولین امدادی ادارے کے طور پر کردار ادا کرتی رہے گی۔
