پیرس (نیوز ڈیسک بی بی سی اردو ڈاٹ کام)فرانسیسی صدر ایمینوئل میکخواں نے کہا ہے کہ ’امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے میں لبنان کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔انھوں ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’میں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں کے جنگ بندی پر رضامندی کے فیصلے کو بہترین قرار دیا ہے اور یہ امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی تمام محاذوں پر، بشمول لبنان، مکمل طور پر نافذ کی جائے گی۔‘فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ ’اس پیش رفت سے جامع مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی جو ایک طویل المدتی امن معاہدے
تک لے جا سکتی ہے۔‘انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’فرانس مشرقِ وسطیٰ میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔‘میکخواں کے مطابق انھوں نے اس معاملے پر قطر، متحدہ عرب امارات، لبنان اور عراق کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کی ہے۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے قبل بدھ کے روز میکخواں نے دو فرانسیسی شہریوں سے ملاقات کی جو ایران میں تین سال سے زائد حراست کے بعد رہا ہوئے ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ لبنان جنگ بندی کا حصہ نہیں ہے اور اسرائیل نے بدھ کے روز بھی لبنان کے دارالحکومت بیروت کو نشانہ بنایا اور ان حملوں میں 180 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

